بنگلورو،7؍فروری(ایس او نیوز) بلگاوی اور ہبلی دھارواڑ سٹی کارپوریشنوں کے وظیفہ یاب ملازمین کو وظیفہ کی ادائیگی ریاستی حکومت کی طرف سے ہی کرنے کیلئے جلد قدم اٹھائے جائیں گے۔یہ اعلان آج ریاستی وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے کیا۔ اسمبلی میں بی جے پی رکن اروند چندراکانت بلاد کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہاکہ فی الوقت کارپوریشن ملازمین کو پنشن کی ادائیگی حکومت کی طرف سے نہ کئے جانے کی بات ان کے علم میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلگاوی کارپوریشن کی طرف سے 16.64 کروڑ روپے اور ہبلی دھارواڑ سٹی کارپوریشن کی طرف سے36 کروڑ روپیوں کی پنشن ملازمین کو واجب الادا ہے۔ محکمۂ مالیات سے تبادلۂ خیال کرکے جلد از جلد پنشن کی یہ رقم جاری کرنے کیلئے قدم اٹھائے جائیں گے۔ اس مرحلے میں وزیر کے جواب پر ناخو ش بی جے پی رکن نے اسپیکر کے سامنے آکر دھرنا دینے کی کوشش کی، اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے مداخلت کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے تین سال سے 110کروڑ روپیوں کی پنشن باقی ہے۔ اسی لئے ایوان کو صحیح جواب دیا جائے۔اس مرحلے میں اسپیکر کے بی کولیواڈ نے افسران سے صحیح جواب طلب کرکے دینے کی ہدایت کے ساتھ روشن بیگ کو دس منٹ کا وقفہ دیا اور رکن نے اپنا دھرنا واپس لے لیا۔اس مرحلے میں اپنا جواب جاری رکھتے ہوئے جناب روشن بیگ نے یقین دلایا کہ اسمبلی کے رواں اجلاس کے اختتام سے پہلے ہبلی دھارواڑ اور بلگاوی سٹی کارپوریشن میں پنشن کے مسئلے پر ایوان میں بحث کیلئے وہ تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہبلی دھارواڑ سٹی کارپوریشن کو پچھلے تین سال کے دوران وزیراعلیٰ کی طرف سے نگروتھانہ پراجکٹ کے تحت سو کروڑ روپیوں کا منصوبہ منظور کیاگیاہے، اس کیلئے دوسرے اور تیسرے مرحلے کی رقم بھی جاری کی جاچکی ہے۔ مرکزی حکومت کے امرت ابھیان کے تحت اس کارپوریشن کو 176.76 کروڑ روپے مہیا کرائے گئے ہیں۔ ایس ایس سی خصوصی گرانٹ کے تحت 2014-15میں تین کروڑ روپے منظور کئے گئے تھے جس میں سے 50لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں۔2015-16میں ڈرینج پراجکٹ کیلئے تین کروڑ روپے منظور ہوئے، جبکہ سوچھ بھارت ابھیان کے تحت پچھلے دو سال کے دوران 9.19کروڑ روپے منظور ہوئے ہیں۔ خاتمہ غربت پراجکٹ کے تحت پچھلے تین سال میں 3.49 کروڑ روپے کی رقم جاری کی گئی ہے۔ راجیو آواس یوجنا کے تحت تین سال میں 34.53کروڑ روپیوں کی رقم جاری کی گئی ہے۔